بنگلورو/بھٹکل:10/مارچ (ایس او نیوز) سابق رکن اسمبلی جے ڈی نائک ، سابق وزیر کمار بنگارپا اور پروفیسر نارائن اپا جمعرات کو بنگلورو کے بی جے پی دفتر میں منعقدہ پروگرام میں باضابطہ بی جے پی میں شامل ہوگئے۔
بھٹکل ودھان سبھا حلقہ سے دومرتبہ کانگریس پارٹی سے رکن اسمبلی کا انتخاب جیتنے والے جے ڈی نائک حلقہ میں اپناخود کا ایک اثرو رسوخ رکھتے ہیں، ادھر پچھلے کچھ مہینوں سے وہ کانگریس سے دور دور ہی تھے، اپنی مرضی نہیں چلنے اور انہیں کسی معاملے میں نہیں پوچھنےسے بیزار ہونے کی بات کہتے رہتے تھے۔ اسی دوران بی جے پی کے لیڈران ان سے گاہے بگاہے ملاقات کرتےہوئے ان کو بی جےپی میں شامل ہونے کی دعوت دیتے رہے جو آخرکار کارگر ہوئی ۔ بتایا جاتاہے کہ انہیں اگلے ودھان سبھا انتخابات میں بھٹکل حلقہ سے ایم ایل اے ٹکٹ کی یقین دہانی کرائی گئی ہے اسی اعتماد پر جے ڈی نائک بی جے پی میں شامل ہونے کی ذرائع نے خبر دی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ عین انتخابات کے موقع پر انہیں ٹکٹ ملتاہے یا نہیں ۔ اور اگرملتاہے تو پھر دوسرے جو مقامی لیڈران ٹکٹ کی دوڑ میں ہیں وہ کیا کریں گے بہت سارے سوالات ہیں جس کا جواب انتخابات کے دوران ہی مل سکتاہے۔
اس موقع پر بی جےپی کے ریاستی صدر یڈیورپا نے کہاکہ ان لیڈران کی بی جے پی میں شمولیت سے پارٹی مزید مستحکم اور مضبوط ہوئی ہے۔ ریاست میں بی جے پی عوامی امیدوں کا خیال رکھنے والی واحد پارٹی بن کر ابھر رہی ہے اگلے چناؤ میں بی جے پی کی شاندار فتح کے ساتھ اقتدار پانا یقینی ہونی کی بات کہی۔ اس موقع پر انہوں نے ریاستی حکومت کو انتباہ دیا کہ اگر خشک سالی متاثرہ کسانوں کے قرضے معاف نہیں کئے گئے تو اگلا ودھان سبھا کا اجلاس نہیں چلنے دیں گے۔ بہت جلد ریاستی حکومت کے گھپلوں کا انکشاف کرنے کی بات کہتے ہوئے یڈیورپا نے کہاکہ ہمارے پاس کئی سارے ثبوت ہیں مرحلہ وار ان کو عوام کے سامنے پیش کرنے کا دعویٰ کیا۔